جیل میں عمران سے کسی پارٹی رہنما کی ملاقات نہ ہوسکی
راولپنڈی (خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی پارٹی رہنما کی ملاقات نہ ہوئی، سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنما ملاقات کا وقت ختم ہونے پر واپس چلے گئے ۔
اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ کارکنوں سے کہتا ہوں اس وقت ہمیں اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے ،حکومت کو بھی کہتا ہوں اب بس کر دیں،حکومت اور مقتدرہ کو کہتا ہوں بانی کو انگیج کریں، بانی اور انکی اہلیہ تک ڈاکٹروں اور فیملی کو رسائی دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں لیاقت علی خان، ذولفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا ،آج چوتھا وزیر اعظم اڈیالہ جیل میں ہے ، بانی نے اچکزئی، ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر کو ذمہ داری دی ،ہم تو بانی کے حکم پر چلتے ہیں ، احتجاج کی کال تو اچکزئی نے دینی ہے ، کارکن ان لوگوں پر اعتماد کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے کہتا ہوں اڈیالہ میں پاکستان کا شیر مودی کو للکار رہا تھا ہمارے واریئرز نے پاک فوج کا ساتھ دیا ،ہم جنگ جیت گئے ، آج پاکستان کی عزت بن رہی ہے اور آپ کا ہاتھ ہمارے گلے پر ہے ، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری ، میاں محمود رشید، یاسمین راشد ،شاہ محمود قریشی کے ساتھ کیا کیا گیا ،لیکن انہوں نے بانی کے ساتھ سٹینڈ لیا، آج سے پارٹی کی پالیسی ہونی چاہئے کہ جب ملاقات نہ ہو اگلے دن توہین عدالت کی پٹیشن داخل کروائیں۔