ورلڈ کپ کی تیاری،آسٹریلوی سکواڈ کا دورہ پاکستان متوقع
عارضی شیڈول کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں جس کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم رواں سال مئی کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 30 مئی سے 5 جون کے درمیان ہونیکا امکان ہے جبکہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے
لاہور (سپورٹس ڈیسک)ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے آسٹریلیا کے ون ڈے سکواڈ کا دورہ پاکستان متوقع ہے ۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے عارضی شیڈول کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں جس کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم رواں سال مئی کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 30 مئی سے 5 جون کے درمیان کھیلے جانے کا امکان ہے جبکہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں منعقد کیے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سیریز پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے باہمی معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت آسٹریلوی ٹیم اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہے ۔رپورٹس کے مطابق سیریز کے بعد آسٹریلوی ٹیم بنگلا دیش روانہ ہوگی جہاں وہ مزید ون ڈے میچز کھیلے گی جبکہ دونوں بورڈز کے درمیان شیڈول کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے ۔یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی تیاری کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز کے شیڈول کا جلد باضابطہ اعلان کرے گا ،علاوہ ازیں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم پاکستان سے بنگلہ دیش کے دورے پر روانہ ہو گی۔