فیڈرل بورڈ :بیرون ملک سالانہ امتحانات کی تاریخیں تبدیل

فیڈرل بورڈ :بیرون ملک سالانہ امتحانات کی تاریخیں تبدیل

ایس ایس سی فرسٹ ایئر امتحانات کا نیا شیڈول عارضی طور پر 12مئی کے قریب شروع ہوگا یواے ای، کویت،بحرین میں سکول سربراہان امیدواروں کوپیش رفت سے آگاہ کریں:بورڈحکام

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) نے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین میں قائم اپنے بیرونی امتحانی مراکز کے لیے ایس ایس سی کے پہلے سالانہ امتحانات 2026ء کی تاریخوں میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے ۔ بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ امتحانات ابتدائی طور پر 5 مئی 2026ء سے شروع ہونے تھے ، تاہم ایک خطے /ملک میں لاجسٹک انتظامات میں تاخیر کے باعث ان امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

بورڈ حکام نے بتایا ہے کہ ایس ایس سی فرسٹ ایئر امتحانات 2026ء کا نیا شیڈول عارضی طور پر 12 مئی 2026ء کے قریب شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ امتحانات انہی مخصوص امتحانی مراکز میں ہوں گے جن کا نوٹیفکیشن 26 فروری 2026ء کو جاری کیا جا چکا ہے ۔ تفصیلی تاریخ کا پرچہ (ڈیٹ شیٹ) جلد از جلد تمام متعلقہ اداروں اور امیدواروں کو مطلع کر دیا جائے گا۔وفاقی بورڈ نے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین میں موجود تمام متعلقہ سکولوں کے پرنسپلز اور اداروں کے سربراہان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کریں اور اساتذہ، طلبہ، امیدواروں اور امتحانی انتظامات میں شامل دیگر تمام فریقین کو اس پیش رفت سے باخبر کر دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں