جڑواں شہروں میں طوفان بادوباراں،پختونخوامیں برفانی جھیلیں پھٹنے ،فلیش فلڈنگ کاخدشہ

جڑواں شہروں میں طوفان بادوباراں،پختونخوامیں برفانی جھیلیں پھٹنے ،فلیش فلڈنگ کاخدشہ

اسلام آباد،پشاور ،مظفرآباد(دنیا نیوز)جڑواں شہروں میں تیز آندھی کیساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔

ادھرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کاخدشہ ظاہرکیاگیاہے ۔مقبوضہ کشمیر کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کے باعث مظفرآباد میں الرٹ جاری کردیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور آئندہ بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں موسلادھار بارشوں کا خدشہ ہے ۔ ندی نالوں میں طغیانی اور تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں کے بہنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں کا سفر مؤخر کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ادھرمقبوضہ جموں و کشمیر سے آنے والے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق پانی کا بہاؤ بڑھنے سے طغیانی کا خدشہ ہے ، حکام کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں پر عوام کی آمدورفت پر پابندی لگائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں