حکومتی یقین دہانی پرچینی کمپنی کا آپریشن بندش کا فیصلہ واپس
کراچی(کامرس رپورٹر)حکومتِ پاکستان کی بروقت مداخلت اور یقین دہانی کے بعد گوادر میں قائم چینی کمپنی نے اپنی صنعتی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں ایک مرتبہ پھر صنعتی سرگرمیاں بحال ہونے جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کی فارماسوٹیکل سپلائی چین سے وابستہ ہین گینگ ٹریڈ کمپنی کو درپیش مسائل 4مئی تک حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، جسکے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کامیاب رہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر فوری اقدامات اور سنجیدہ رابطوں کے باعث کمپنی کا اعتماد بحال ہوا،جس کے نتیجے میں آپریشن دوبارہ شروع کرنے پراتفاق کیا گیا۔ اس پیشرفت کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے دوسرے مرحلے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے جہاں صنعتی تعاون اور غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق چینی کمپنی نے سی پیک فیز ٹو کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں یہ منصوبہ نئی بلندیوں تک پہنچے گا، حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ گوادر میں صنعتی سرگرمیوں کی بحالی نہ صرف مقامی معیشت کیلئے مثبت ہوگی بلکہ اس سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہوگا، صنعتی ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور سی پیک کے تحت صنعتی زونز کی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے جو مستقبل میں روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔