رواں مالی سال ملکی زرمبادلہ ذخائرمیں 2ارب ڈالر اضافہ
گزشتہ سال ملکی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھے 24اپریل کو ملکی ذخائرکاحجم 21 ارب 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ
اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )زرمبادلہ کے ملکی ذخائرمیں جاری مالی سال کے دوران مجموعی طورپر2ارب ڈالرکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے ۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ سال جون کے اختتام پرزرمبادلہ کے ملکی ذخائرکاحجم 19 ارب 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائرکاحجم 14 ارب 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالراورکمرشل بینکوں کے ذخائرکاحجم 4 ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالرتھا، 24اپریل کوختم ہونے والے ہفتہ میں زرمبادلہ کے ملکی ذخائرکاحجم 21 ارب 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈکیاگیا۔
جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائرکاحجم 15 ارب 82 کروڑ 80 لاکھ ڈالراورکمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 5 ارب 44 کروڑ 10 لاکھ ڈالرتھا، جاری مالی سال کے آغازسے لیکراب تک سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائرمیں 1 ارب 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اورکمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائرمیں 678ملین ڈالرکااضافہ ہواہے۔