گوادر،ڈیپ سی پورٹ پر پہلا بڑا ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز لنگرانداز
جہاز ایم وی شو لانگ پر 16ہزار 77میٹرک ٹن ٹرانس شپمنٹ کارگو موجود 13 ہزار سے زائد پیکجز پر مشتمل چینی ساختہ صنعتی آلات اور پائپس شامل یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ گوادر کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے ، نورالحق بلوچ
کوئٹہ (عرفان سعید)ساحلی شہر گوادر میں ڈیپ سی پورٹ پر پہلا بڑا ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز ایم وی شو لانگ کامیابی کے ساتھ لنگر انداز ہوگیا، جو خطہ میں اس بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا واضح مظہر ہے ۔میڈیا کوآرڈینیٹر جمیل قاسم کے مطابق جہاز میں مجموعی طور پر 16 ہزار 77 میٹرک ٹن ٹرانس شپمنٹ کارگو موجود ہے ، جس میں 13 ہزار سے زائد پیکجز پر مشتمل چینی ساختہ صنعتی آلات اور پائپس شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یہ سامان دراصل کویت کے لیے روانہ کیا گیا تھا، تاہم آبنائے ہرمز کی بندش اور جاری بحری صورتحال کے باعث اسے متبادل راستے کے طور پر گوادر منتقل کیا گیا ۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ اپریل 2026 کے دوران گوادر بندرگاہ پر چار ٹرانس شپمنٹ جہازپہنچے تھے۔
جو اس امر کا ثبوت ہے کہ علاقائی اور عالمی تجارتی روٹس میں گوادر کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے، ڈائیورٹ ہونے والے جہازوں کے لیے برتھنگ، کارگو ہینڈلنگ اور دستاویزی عمل کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے ، جس سے بندرگاہ کی آپریشنل صلاحیت اور عالمی سطح پر اس کی قابلِ اعتماد حیثیت مزید مستحکم ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق مئی میں مزید بڑے جہازوں کی آمد متوقع ہے ۔اس حوالے سے پورٹ پر تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی اور بحری صورتحال کے تناظر میں گوادر بندرگاہ ایک متبادل اور محفوظ ٹرانس شپمنٹ حب کے طور پر ابھر رہی ہے ، جو نہ صرف خلیجی بلکہ وسطی ایشیائی منڈیوں کے لیے بھی ایک مؤثر اور کم لاگت تجارتی راستہ فراہم کر سکتی ہے۔