بنیان مرصوص ، متفقہ قرارداد منظورکرینگے
لاہور (سیاسی نمائندہ، اے پی پی ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں نہ صرف دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا گیا بلکہ پوری قوم نے غیر معمولی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
اس کامیابی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں خصوصی اجلاس منعقد کرکے متفقہ قرارداد بھی منظور کی جائے گی،معرکہ حق پر اسمبلی اجلاس قومی بیانیے کو مزید تقویت دے گا۔پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کئے اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے نہایت ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے سفارتی محاذ پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا اورپُرامن اور ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا۔