اسلام آبادمیں کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد انتظا میہ نے وفاقی دارالحکومت میں کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریستوران، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، گروسری ، کریانہ سٹورز، گوشت، پھل،سبزی کی دکانیں ،بیکریاں رات 10 بجے بند کی جائیں گی تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز شام 8 بجے بند ہوں گے جیسا کہ گزشتہ نوٹیفکیشن میں مقرر کیا گیا تھا۔ یہ پابندی ہفتے کے تمام دنوں بشمول ہفتہ اور اتوار نافذ العمل ہوگی۔دواخانے ، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، ہسپتال، پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز، دودھ کی دکانیں، جم اور دیگر سپورٹس سہولیات، کال سینٹرز اور بین الاقوامی کلائنٹس سے منسلک آئی ٹی کمپنیاں اس پابندی سے مستثنٰی ہوں گی۔شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات بھی رات 10 بجے بند کیے جائیں گے اور یہ وقت نجی مقامات پر ہونے والی تقریبات پر بھی لاگو ہوگا۔نوٹیفکیشن 5 مئی 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور مزید احکامات تک برقرار رہے گا۔