بارش ، آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات،6افراد جاں بحق
جھنگ میں 2 افراد ،کمالیہ اور ٹوبہ میں ایک، ایک ،قصور میں 2خواتین نے دم توڑا
لاہور،قصور،اسلام آباد(آئی این پی،خبرنگار) ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ، اس دوران آسمانی بجلی گرنے ،کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں 6 افراد جاں بحق، 9زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں نے تباہی مچا دی، جھنگ میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ایک، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ، ایک گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ قصور کے نواح منڈی عثمان والا کے علاقے داؤکے کلاں میں گھر میں کرنٹ لگنے سے 35 سالہ طاہرہ بی بی ،کنگن پور میں مکان کا منڈیر گرنے سے 85 سالہ نذیراں بی بی دم توڑ گئی جبکہ امانت علی اور صفیہ بی بی زخمی ہوگئے ۔ گنڈا سنگھ والا میں تیز آندھی کے باعث سروس اسٹیشن کی شٹرنگ گرنے سے 2 افراد ، پتوکی کے محلہ کرم آباد میں دیوار گرنے سے اکرم نامی شہری زخمی ہو گیا۔
علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ،نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔اوکاڑہ اور اطراف میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ جبکہ مانسہرہ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ لاہور میں گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 21اور زیادہ سے زیادہ33سینٹی گریڈرہا ، ہوا میں نمی کی شرح 32فیصدریکارڈ کی گئی ۔ آلودگی کی مجموعی شرح 68فیصد رہی ۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی مزید بارشوں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے ، تاہم آج پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم بنیادی طور پر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ،شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔