مانتے ہیں عمران خان کی فیملی ہم سے مطمئن نہیں:بیرسٹر گوہر

مانتے ہیں عمران خان کی فیملی ہم سے مطمئن نہیں:بیرسٹر گوہر

بانی کی بہنوں کا سیاست سے تعلق نہیں ،فیملی اورکارکن ہم سے نتائج چاہتے ہیں ہماری ایک ہی ڈیمانڈ ،عمران کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے :علیمہ خان

راولپنڈی (خبر نگار)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی کی بہنوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ،نہ انہوں نے کبھی ایسی خواہش کا اظہار کیا، ہم تسلیم کرتے ہیں ورکرز اور فیملی ہم سے مطمئن نہیں، وہ ہم سے نتائج چاہتے ہیں، خدشہ ہے پارٹی میں مایوسی اور غصے کی وجہ سے معاملات سیاسی لوگوں کے ہاتھ سے نہ نکل جائیں ۔ اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان نے مزید کہا کہ اکتوبر سے ہماری بانی سے ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہیں، بانی اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ہمیں بہت زیادہ تشویش ہے ، ملک کے خیر خواہ ملاقاتوں میں خلل نہیں ڈالتے ، ملاقاتیں ہوں گی تو معرکہ حق کی خوشی کو چار چاند لگ جائیں گے ، معرکہ حق نے خطے میں طاقت کے توازن کا از سر نو تعین کیا ہے ، دشمن کے خلاف ہم کل بھی اکٹھے تھے آج بھی اکٹھے ہیں ،بانی کی رہائی ایک پیچیدہ اور سنجیدہ مسئلہ ہے ،کسی نے اگر ہم سے بات چیت کرنی ہے تو سنجیدگی اور تیزی سے آگے بڑھا جائے۔

امید ہے چیزیں بہتری کی طرف جائیں گی، عدلیہ ایک سال سے بانی اور بشریٰ کی اپیلیں نہیں سن رہی،درخواست ہے سپریم کورٹ یا آئینی عدالت بانی کی اپیلوں کو سنے ، آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرے عدلیہ سے درخواست ہے مزید پیچیدگیاں پیدا نہ کریں، اگر مزید ناموافق فیصلے آگئے تو اس سے مزید نقصان ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی سہیل آفریدی کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ، پارٹی میں اگر کسی کے گلے شکوے ہیں وہ فی الحال اسے پس پشت ڈال دے ، بانی کو دنیا کی کوئی طاقت مائنس نہیں کرسکتی ۔علیمہ خان نے اپنی بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ایک ہی اپیل اور ڈیمانڈ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے ، اگر سینئر لیڈرشپ یہاں آ جائے تو تنظیم متحرک ہو جاتی ہے ، پہلے یہاں41 لوگ پکڑے گئے ، ایم این ایز، ایم پی ایز کو چھوڑ دیا گیا لیکن عمران کے چاہنے والوں کو یہ نہیں چھوڑتے ، اس وقت بانی کو علاج کی اشد ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں