معرکہ حق ، علما مشائخ عظام کا 8مئی کو یوم تشکر منانے کا اعلان

 معرکہ حق ، علما مشائخ عظام کا 8مئی  کو یوم تشکر منانے کا اعلان

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر پوری قوم اﷲ تعالی کی شکر گزار ہے کہ اﷲ نے پاکستان کو ازلی دشمن پر فتح عطا فرمائی، اس کامیابی کے بعد پاکستان پوری دنیا کے امن کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔

 معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علماکرام و مشائخ عظام نے شرکت ۔اجلاس میں افواجِ پاکستان کو خراج تحسین ، شہداء کی عظیم داستانوں اور غازیوں کی جرات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ قربانیاں ہمیشہ قوم کے لئے باعثِ فخر رہیں گی ، اعلامیہ کے مطابق جمعہ 8 مئی کو ملک بھر میں علمائے کرام آپریشن بنیان مر صوص کی کامیابی ،استحکامِ پاکستان کے حوالے سے یومِ تشکر منائیں گے ، جس کے تحت خصوصی دعاؤں اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ علماء و مشائخ ملک میں مذہبی ہم آہنگی، اتحادِ امت اور اعتدال و رواداری کے فروغ کے لئے اپنا مؤثر کردار جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈی جی مذہبی امور حافظ عبدالقدوس علمائے کرام پیر سید چراغ الدین شاہ، مولانا ڈاکٹر محمد علی ابو تراب، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی ضمیر احمد ساجد دیگر شریک ہوئے ۔ سردار یوسف نے کہا کہ علما ئے کرام و مشائخ کا یہ اجلاس معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر بے مثال جرت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کی سفارتی کامیابیاں اپنی مثال آپ ہیں ۔ اعلا میہ میں واضح کیا گیا کہ اگر دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو پوری قوم متحد ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور ملکی خودمختاری، سالمیت اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں