شہزاد سلیم کی نیب تعیناتی:قائمہ کمیٹی تفصیلات کیسز میں دلائل مکمل، فیصلے محفوظ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )شہزاد سلیم کی نیب میں تعیناتی اور قائمہ کمیٹی کی تفصیلات کے مقدمات میں دلائل مکمل، عدالتوں نے فیصلے محفوظ کر لیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی کم تعلیم اور کم تجربے پر نیب میں تعیناتی کے کیس میں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ نیب نے موقف اختیار کیا کہ شہزاد سلیم تجربے اور تعلیم کے لحاظ سے نیب میں تعینات نہیں ہو سکتے تھے ۔ شہزاد سلیم کی جانب سے اکرم شیخ نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا، آئینی عدالت کہہ چکی جب ایک کیس بند ہو جائے تو دوبارہ نہیں کھل سکتا۔ جسٹس اعظم خان نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں زیر بحث معاملات کی تفصیلات فراہم کرنے کے آرڈر کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سعدیہ مظہر کے وکیل نے کہا ہمارے کیس کے چھ، آٹھ ماہ بعد رولنگ آئی ، سپیکر ایکٹ کے تحت رولنگ نہیں دے سکتا۔