ملک پر اشرافیہ کا راج، عوام کو حق حکمرانی نہیں ملا : حافظ نعیم

ملک پر اشرافیہ کا راج، عوام کو حق حکمرانی نہیں ملا : حافظ نعیم

قرضہ 85 ہزار ارب ہو گیا، ٹیکسز کا بوجھ عام آدمی پر ، پنجاب جاگے گا تو ملک جاگے گا عید کے بعد مہنگائی اور آئی پی پیز کے خلاف تحریک چلائیں گے :امیرجماعت اسلامی

 لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک پر 79 برس سے اشرافیہ کا راج ہے اور عوام کو حق حکمرانی نہیں ملا۔ مقتدرہ کی سرپرستی میں پروان چڑھنے والی پارٹیاں ملک چلانے میں ناکام ہو گئی ہیں، جبکہ گزشتہ چار برس میں ملک کا قرضہ 55 ہزار ارب سے بڑھ کر 85 ہزار ارب ہو گیا ۔گجرات میں ممبرشپ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی بیسیوں قسم کے ٹیکس دیتا ہے ، جبکہ افسر شاہی، جاگیردار اور وڈیرے وسائل پر قابض ہو کر عیاشیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنا حق لینے کے لئے تیار ہو جائے ، پنجاب جاگے گا تو پورا پاکستان جاگ جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد مہنگائی، آئی پی پیز مافیا کے خلاف اور نظام کی تبدیلی کے لئے تحریک چلائی جائے گی۔ اس سے قبل انہوں نے ڈنگہ اور کھاریاں میں عوامی رابطہ مہم کے کیمپوں کا دورہ اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پچاس لاکھ ممبرز اور پچاس ہزار عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کا ہدف حاصل کرے گی۔ موجودہ حالات میں پاکستان کو مواقع ملے ہیں اور سرمایہ کاری کا امکان ہے ، تاہم جب تک بدعنوان حکمران موجود ہوں گے قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم سے عدلیہ مزید کمزور ہوئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں