لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ میں ادا

لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ میں ادا

ایک روز قبل بلوچستان میں آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے نماز جنازہ میں وزیراعظم ، فیلڈ مارشل ،اعلیٰ سول حکام شریک

راولپنڈی (دنیانیوز)لیفٹیننٹ کرنل  خالد حسین شہید کی نماز جنازہ گزشتہ روزچکلالہ گیریژن راولپنڈی ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی،وہ ایک روز قبل بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے زخمی ہوئے اور جامِ شہادت نوش کرگئے۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، اعلیٰ سول و عسکری حکام، ریٹائرڈ افسر ، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی بے مثال بہادری، فرض شناسی اور مادرِ وطن کے دفاع کیلئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اورکہاکہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو ان کے آبائی علاقے ضلع سرگودھا میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں