عدالت نہ آ نیوالے ارکان کے نام سامنے لائے جائیں:سلمان راجہ
پی ٹی آئی میں ایسے لوگ موجود جو افواہیں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کررہے ہیں پارلیمنٹیرینز کو ساڑھے 5 لاکھ سے زیادہ تنخواہ مل رہی،پارٹی فنڈ نہیں دے رہے
اسلام آباد،سیالکوٹ(اپنے نامہ نگارسے ،نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آ ئی کا حکم ہے کیسز کی سماعت کے دوران پارلیمینٹرین عدالت آئیں، وقت آ گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کے لیے عدالت نہ آنے والے ارکان پارلیمنٹ کے نام سامنے لائے جائیں،اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے بشریٰ بی بی کی رہائی سے متعلق سوال پر کہا کہ اگر کہیں بات چیت ہو رہی ہے تو میں نہیں جا نتا، بات چیت ہورہی ہے تو ہوتی رہے میں آئین اور قانون کی بات کروں گا، پارٹی کو کمزور کرنے کے لیے افواہیں اڑائی جاتی ہیں،پارٹی کے اندر ایسے لوگ موجود ہیں جو پارٹی کو کمزور کر رہے ہیں ، انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے پارٹی فنڈنگ میں پیسے جمع نہ کرانے کا بھی شکوہ کیا اور کہا کہ پارلیمنٹیرینز کو ساڑھے 5 لاکھ روپے سے زیادہ تنخواہ مل رہی ہے ، پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد پارٹی فنڈ کے لیے پیسے جمع نہیں کرا رہی۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت نے طلب کیا تھا لیکن وہ نہیں آئے ، وہ عدالتی احکامات نہیں مانتے ،عدالتوں کو اپنی عزت خود کروانی ہوگی، عمران خان سے بھی بہنوں کی ملاقات نہیں کرائی جارہی،سپریم کورٹ میں ہماری درخواست موجود ہے ،رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی ہے آئندہ بھی کروں گا۔ دریں اثنا اپنے آفس میں عمر ڈار، شوکت بسراء، انتظار حسین پنجوتہ، زبیر احمد کسانہ، ضمیر احمد جیڈو، عرفان فیض کلا ر ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ہماری مشکلات کبھی ختم نہیں ہوسکتیں، پی ٹی آئی عوا م کے حق کیلئے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ ملک جن گھمبیر چیلنجز میں گھرا ہوا ہے انکے حل کی صلاحیت موجودہ جعلی حکمرانوں کے پاس نہیں ، بعدازاں ریحانہ امتیاز ڈار، سلمان اکرم راجہ، عمر ڈار، عثمان ڈار، صاجنراد ہ حامد رضا، علی اسجد ملہی ،امجد علی باجوہ، سعید احمد بھلی، بیرسٹر جمشید غیاث، عمر گھمن، وقاص افتخار بٹ ودیگر نے میاں محمد اسلم کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد فاتحہ خوانی کی۔