190 ملین پاؤنڈ کیس ، عمران کے وکیل نے التوا مانگ لیا
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ آئندہ سماعت پر نہ آئے تو گرفتار کر کے لایا جائیگا:جسٹس ارباب محمد بشری ٰ بی بی کی طبی حالت کی رپورٹ،ملاقاتوں کی تفصیلات طلب ،بیٹی کو سننے کی ہدایت
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس کی پیروی سے متعلق عمران خان کی کوئی ہدایت موجود نہ ہونے پر ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے پہلی بار سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔ متفرق درخواست میں کہاگیا کہ اپیل کی پیروی میں ہی کروں گا اس سے حوالے تو مجھے بانی سے ہدایات لینی ہیں ، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل حکام کو سختی سے حکم جاری کرے ،عدالت نے سماعت آج تک کے لئے ملتوی کر دی۔
ادھر جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے بشری ٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات کی درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر سپرنٹنڈنٹ جیل نہ آئے تو ان گرفتار کر کے لایا جائیگا، بشری ٰ بی بی کی طبی حا لت اور جیل ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں اور جیل سپرنٹنڈنٹ کوحکم دیا کہ وہ بشری ٰ بی بی کی بیٹی کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں سنیں ،گذشتہ روز بشری ٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک جبکہ بشری ٰ بی بی کی بیٹی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ، علی بخاری، خالد یوسف چودھری اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آبادنوید حیات ملک نے کہاکہ مجھے ایک دن کا وقت دے دیں اس میں کوئی جلدی والی بات نہیں ہے، سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ جلدی والی بات ہے ، ان سے فیملی کی ملاقات بھی نہیں ہو رہی، ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں ،جیل مینوئل کے مطابق ہی ان کو دیکھنا ہے ، جس جس دن ملاقات ہوئی اس کا ریکارڈ پیش کر دوں گا، جیل مینوئل کے مطابق ملاقاتیں ہو رہی ہیں ہر چیز اوکے ہے ، دوران سماعت نوید حیات ملک اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان تلخی بھی ہوگئی، سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ منگل کو ملاقات نہیں ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ذاتی حیثیت میں آئندہ سماعت پر آئیں گے ،اگر نہیں آئیں گے تو ہم یہیں سے آدمی بھجوائیں گے وہ گرفتار کرکے لے آئے گا، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو دوبارہ طلب کر لیا، مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔