جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات سے ممکن : عسکری قیادت، پاکستان کی کہانی کشمیر کے بغیر نامکمل : وزیر اعظم
معرکہ حق قومی عزم، عسکری مہارت اور سٹریٹجک پختگی کی علامت بن چکا ، پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی امن واستحکام کے تحفظ کیلئے پرعزم :عسکری قیادت کا مشترکہ بیان مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر :صدرزرداری، معرکہ حق پاکستان کی ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت کی روشن دلیل :شہبازشریف ،آج جی ایچ کیو میں تقریب ،فیلڈ مارشل کا خصوصی خطاب
اسلام آباد/راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر)پاکستان کی عسکری قیادت کا کہناہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات سے ممکن ہے جبکہ وزیراعظم نے کہاہے کہ پاکستان کی کہانی کشمیر کے بغیر نامکمل ہے ۔معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور مسلح افواج کی قیادت نے قوم، شہداء اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس دن کو قومی عزم، عسکری برتری، پیشہ ورانہ مہارت،دشمن کیلئے واضح پیغام اور قومی یکجہتی کی روشن علامت قرار دیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آج کا دن جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کی لازوال علامت کے طور پر منایا جا رہا ہے جبکہ پاک افواج نے عوام کے ساتھ اپنے غیر متزلزل رشتے کا اعادہ کیا ہے ۔
معرکہ حق کی کامیابی اور شہداء و غازیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں،یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے جا رہے ہیں جبکہ شہدا کے ایصالِ ثواب اور وطن کے تحفظ کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔ معرکہ حق قومی عزم، عسکری مہارت اور سٹریٹجک پختگی کی علامت بن چکا ہے ، جس نے نہ صرف قوم کے اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار علاقائی طاقت کے طور پر بھی اجاگر کیا۔چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اورچیف آف دی ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ ردعمل نے دشمن کی سازشوں، جھوٹے بیانیے اور پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔ پاک افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور اطلاعاتی محاذوں پر بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مضبوط بنایا ہے جبکہ عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی امن اور استحکام کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن باہمی احترام، بامعنی مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے ہی ممکن ہے ۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک متحد اور مضبوط قوم کی حمایت سے پاک افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار، چوکس اور باصلاحیت ہیں ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور عسکری حکمتِ عملی کو معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیتے ہوئے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے ، تاہم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ صدر نے مسئلہ کشمیر کے حل کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر قرار دیا جبکہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی بھارتی کوشش کو آبی دہشت گردی کہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی جرات، استقامت اور ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت کی روشن دلیل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایسا سبق دیا گیا جس نے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا فوری، مؤثر اور ہمہ جہت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔
پاکستان کا تذکرہ کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا جو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار تزویراتی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی ہمیشہ بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے ایران امریکا تنازع میں پاکستان کی امن کوششوں اور سفارتی کردار کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا قرار دیا۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں آج صبح معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں مرکزی تقریب ہوگی جس کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے ۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے جبکہ یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس موقع پر خصوصی خطاب بھی کریں گے ۔