معرکہ حق نے ثابت کیا ہم امن پسند، وقت آئے تو بنیان مرصوص : مریم نواز
وزیراعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل عاصم منیر،ایئر مارشل بابر ظہیر، ایڈمرل نوید اشرف کو خراج تحسین معرکہ حق کے ہیروز کو سلام عقیدت ، پاکستان کی فتح اور بھارت کی ہار کی گواہی دنیا نے دی:وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دشمن کے مقابل بنیانِ مرصوص بن گئی،معرکہ حق نے ثابت کر دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ، تاہم وقت آنے پر پوری قوم بنیانِ مرصوص بن جاتی ہے۔ پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کی گواہی دنیا نے دی اور دی جاتی رہے گی،معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت کا نشان ثبت کر دیا۔مریم نواز نے اپنے بیان میں وزیراعظم شہبازشریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل بابر ظہیر اور ایڈمرل نوید اشرف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’آٹھ صفر‘‘ کا معرکہ حق دشمن کبھی فراموش نہیں کر پائے گا جبکہ دنیا نے پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست دیکھی۔مریم نواز نے کہا کہ پاک افواج اور عوام کے اتحاد نے دشمن کو سر جھکانے پر مجبور کر دیا جبکہ پاکستانی شاہینوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے اپنی برتری منوائی۔معرکہ حق تاریخِ عالم میں پاکستان کی عظمت کا روشن باب بن چکا ہے اور آج ملک بھر میں اس کامیابی کا جشن منایا جا رہا ہے ، پنجاب میں ہر شہر ہر گاؤں ہر گلی کوچے میں معرکہ حق کی خوشیاں منائی جارہی ہیں۔ مریم نواز نے مہاجرپرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ خوبصورت اور دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول اور بے مثال عطیہ ہیں، دور دیسوں سے آنے والے مہاجر پرندے فطرت کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ ذمہ دار شہری بن کر مہاجرپرندوں اور دیگر حیات کی بقاکیلئے سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے ، پرندے فطرت کا حسین ورثہ ہیں،ان کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے ۔