اگلے ہفتے پانڈا بانڈ سے چینی مارکیٹ میں داخل ہونگے ، وزیر خزانہ

اگلے ہفتے پانڈا بانڈ سے چینی مارکیٹ میں داخل ہونگے ، وزیر خزانہ

عالمی سطح پر تیل قیمتوں میں کمی ہوئی تو فائدہ عوام کومنتقل کرینگے ، وزیر پٹرولیم

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا پاکستان آئندہ ہفتے پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے ذریعے چینی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا، ان شاء اللہ آئندہ ہفتے خوشخبری ملے گی کہ پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے ذریعے چینی سرمایہ مارکیٹ میں داخل ہوگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جاری علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان کی معیشت بحالی کے آثار دکھا رہی ہے جبکہ ملک میں ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے ۔انہوں نے کہا خطے میں چیلنجز کے باوجود پاکستان میں تیل کی نہ قلت پیدا ہوئی اور نہ ہی سپلائی چین متاثر ہوئی۔ دیگر ممالک میں قلت اور طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے یقین دہانی کرائی عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔ہفتہ کووفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کے رجحانات کے مطابق کیا گیا تھا اور اسی طرح اگر قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو اس کا فائدہ بھی عوام کو پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا حکومت عوام کو مہنگائی کے باعث درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھیں تاہم حکومت نے عوام پر بوجھ کم سے کم رکھنے اور ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ۔وفاقی وزیر نے کہا موٹر سائیکل سواروں، کسانوں اور ٹرانسپورٹرز سمیت کمزور طبقات کی معاونت کے لیے ڈیجیٹل والٹ سسٹم کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ایندھن کے اخراجات پورے کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں