سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز 25 مئی سے ہوگا

سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں  کا آغاز 25 مئی سے ہوگا

لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات 25 مئی سے شروع کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے ابتدائی تاریخیں طے کر لی ہیں تاہم حتمی منظوری حکومت پنجاب سے حاصل کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں شدید گرمی کی لہر اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیشِ نظر تعطیلات جلد شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو ممکنہ ہیٹ ویو سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ابتدائی تجویز کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات 16 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ سکولوں کے دوبارہ کھلنے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن حکومت کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔تعلیمی حلقوں نے گرمی کی شدت کے باعث تعطیلات کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ والدین کی جانب سے بھی جلد اعلان کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بچوں کے معمولات اور تعلیمی سرگرمیوں کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں۔صوبائی وزیرتعلیم راناسکندر حیات کا کہناہے کہ چھٹیوں کے حوالے سے مختلف تجاویززیر غور ہیں ، اس حوالے سے اعلان جلدکردیاجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں