مہنگا پٹرول معاشی ظلم اورحکومت کی بدترین نااہلی :پی ٹی آئی

مہنگا پٹرول معاشی ظلم اورحکومت کی بدترین نااہلی :پی ٹی آئی

حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا ادراک، نہ ان میں معیشت کو سنبھالنے کی صلاحیت حکومت نے پٹرول کو کمائی کا ذریعہ بنالیا ،نااہلی کی سزاعوام کو دے رہے :اسدقیصر

اسلام آباد(آن لائن )پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو معاشی ظلم،بدترین نااہلی اور عوام کے ساتھ کھلا استحصال قرار دیتے ہوئے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تحریک انصاف کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی سے نافذ کی جانے والی نئی قیمتیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں دھکیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے اثرات براہِ راست ہر گھر کے بجٹ پر پڑیں گے۔

ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے زرعی شعبے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں گندم، سبزیاں اور دیگر ضروری اجناس مزید مہنگی ہو جائیں گی،یہ صورتحال مستقبل میں غذائی بحران کو جنم دے سکتی ہے۔پی ٹی آئی نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو نہ عوامی مشکلات کا ادراک ہے اور نہ ہی ان میں معیشت کو سنبھالنے کی صلاحیت ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایک بیان میں کہاکہ حکومت نے پٹرول کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے ،پٹرولیم لیوی میں اضافہ بلند ترین سطح پر پہنچا دیا گیا، حکومت اپنی نااہلی اور ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا غریب عوام کو دے رہی ہے ،عالمی منڈی میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود شہبازشریف حکومت کا قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں