معرکہ حق کو سال مکمل :ملک میں جشن، ریلیاں اور تقریبات
لاہور میں شرکا کے نعرے ، گجرات میں 4شہداء کی قبروں پر حاضری
راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور، کراچی (خصوصی نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر لاہور ، راولپنڈی ، فیصل آباد ،ملتان،کراچی،کوئٹہ سمیت ملک بھر میں شہریوں نے ریلیاں نکالیں، پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف مقامات پر شاندار تقریبات منعقد کی گئیں، مرکزی تقریب آج صبح جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہو گی ،مہمان خصوصی آرمی چیف وچیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سیدعاصم منیر ہوں گے ۔ لاہورمیں افواج پاکستان کے حق میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے معرکہ حق کاررواں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، معرکہ حق کارواں ریلی ناصر باغ سے شروع ہو کرچیئرنگ کراس پر اختتام پذیر ہو ئی۔
گجرات میں ق لیگی ایم این اے چودھری حسین الٰہی نے وفد کے ہمراہ بھارتی جارحیت سے شہید 4شہریوں کی قبروں پر حاضری دی اور شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔راولپنڈی میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ، شرکا نے افواج پاکستان کی جانب سے گزشتہ سال مئی میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ رجسٹرڈ راولپنڈی اور انجمن شہریاں کے زیر اہتمام ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے پاک فوج اور شہدائے وطن سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ حسن ابدال میں اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ، شکرگڑھ میں آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے ریلی نکالی ۔شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ۔
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں بھی معرکہ حق ریلی نکالی گئی جبکہ آزاد کشمیر میں مظفرآباد کے آزادی چوک کی فضا بھی پاکستان زندہ باد،پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ میرپور، بھمبر سمیت آزادکشمیر کے دیگر شہروں میں بھی شاندار فتح کا جشن منایا گیا۔سرگودھا، ساہیوال ،نارووال،ٹنڈو محمد خان،سکھر،چاغی اور دیگر شہروں میں بھی مقررین نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتمادہے ، عوام اور فوج ایک پیج پر ہیں، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ایبٹ آباد میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلم لیگ (ن)نے ریلی نکالی اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیا ۔ادھر کراچی میں پیپلز پارٹی نے ہفتہ کو نشان پاکستان، سی ویو کلفٹن پر ’’معرکہ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ منانے ، مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عظیم الشان عوامی جشن کا انعقاد کیا۔
تقریب میں ہزاروں شہریوں، پارٹی کارکنوں، منتخب نمائندوں، خواتین اور خاندانوں نے شرکت کی جس نے سی ویو کو حب الوطنی، ملی نغموں، آتش بازی، لیزر لائٹ شوز اور ملک بھر کے معروف فنکاروں کی ثقافتی پرفارمنس کے ایک متحرک منظر میں بدل دیا۔ تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ تقریب محض ایک سالگرہ کا جشن نہیں بلکہ ایک قومی تہوار ہے جو پاکستان کی جرأت، اتحاد اور ناقابل تسخیر دفاعی صلاحیت کی علامت ہے ۔سندھ کے شہر خیرپور کی سینٹرل جیل میں اسیروں نے بھی بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا جشن منایا جبکہ حیدرآباد کے پولیس ہیڈکوارٹر زمیں جشن معرکہ حق کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی ۔ بلوچستان میں معرکہ حق کی عظیم فتح کو سال مکمل ہونے پر زیارت ،سنجاوی،ہرنائی، لورالائی، قلات اورچمن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اورپاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ،پاک فوج کے حق میں ریلیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ بلوچ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ملک بھر میں نکالی گئی، ریلیوں کے اختتام پر ملکی سلامتی اور بالخصوص پاک فوج کی کامیابیوں اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔