وزیراعظم کی اپوزیشن کو مذاکرات کی وعوت ، محمود اچکزئی کو ملاقات کا پیغام
الیکشن کمشنر تقرری پر تبادلہ خیال ہوگا،اچکزئی راناثنا کے گھرملاقات پر آمادہ:ذرائع اپوزیشن لیڈر کی فضل الرحمن سے ملاقات،سیاسی صورتحال پر مشاورت
اسلام آباد (دنیا نیوز)وزیر اعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے ،ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو ملاقات کا پیغام بھجوادیا ہے ، محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم آفس یا وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات سے معذرت کرلی ہے اور تجویز دی ہے کہ کسی غیر جانبدار مقام پر ملاقات کی جائے ،ابتدائی طور پر انہوں نے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کی رہائشگاہ پر ملاقات پر آمادگی ظاہر کی ہے ،ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے مابین پیغام رسانی گزشتہ ہفتہ ہوئی، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
دریں اثنا محمود خان اچکزئی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پارلیمنٹ ہاؤس کی لابی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور موجودہ قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی، پارلیمانی معاملات اور اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت کی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کی کارروائی، حکومتی طرزِ عمل اور اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی، دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی حالات میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں اور مشاورت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔