بھارت و افغانستان کی سرپرستی میں پراکسی وار لڑی جا رہی : وزیر دفاع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بنوں پولیس چوکی پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے ، اتنی احسان فراموشی انسانی تاریخ میں کبھی سامنے نہیں آئی جتنی ضمیر فروشی افغانستان نے کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نتیجے میں بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح معرکہ حق میں بھارت کے ساتھ مقابلہ کیا گیا، اسی طرح افغانستان کے ساتھ بھی کیا جائے گا۔ بھارت اور افغانستان کی سرپرستی میں سرحد پار سے دہشت گرد پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ بھارت کی سرپرستی میں یہ پراکسی وار افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے ۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ کر کے ہمدردی کا اظہار کیا۔ یہ کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔