موجودہ بحرانوں کا حل سیرت طیبہ کی تعلیمات میں مضمر ، سردار یوسف
پاکستان ترکیہ تعلقاتمشترکہ عقیدے ، تاریخ، تہذیب، اخوت کی بنیاد پر قائم ترکیہ سفارتخانہ میں مقابلہ مضمون نویسی خوش آئند، تقریب تقسیم اسناد سے خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقیدے ، تاریخ، تہذیب اور اخوت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے سفارتخانہ میں ’’ آپ کے نقش قدم‘‘ کے موضوع پر مضمون نویسی کے مقابلہ میں کامیاب قرار پانے والوں کو اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفاد، امن، استحکام اور علمی و روحانی ترقی کے لئے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، عہد حاضر میں دنیا جن اخلاقی بحرانوں، تعصبات اور نفرتوں کا شکار ہے ، ان کا حقیقی حل سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ترکیہ کے برادر سفارتخانہ نے نوجوان نسل میں مطالعہ سیرت اور فکری تحقیق کے فروغ کے لئے یہ خوبصورت قدم اٹھایا۔ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان علمی، روحانی اور ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط کریگا۔