ہاتھوں میں ہتھکڑی نہیں منرل واٹر ، منشیات فروش گروہ کی مبینہ سرغنہ پنکی عدالت پیش
کراچی پولیس نے ملزمہ کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا، عدالت نے جیل بھیج دیا،بغیر ہتھکڑی پیشی پر 3افسر معطل گرفتار ملزمہ مبینہ طورپر منشیات فروشی کابین الصوبائی نیٹ ورک چلارہی تھی،اربوں کی کوکین بیچنے کا الزام :ذرائع
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)کراچی پولیس نے منشیات فروشی کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی مبینہ سرغنہ انمول عرف پنکی کوبغیر ہتھکڑی عدالت پیش کردیا،عدالت میں پیشی کے وقت ملزمہ کے ہاتھ میں منرل واٹر کی بوتل تھی ،عدالت نے پولیس کی 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا،فیصلے کے بعد ملزمہ کو مزید کارروائی تک جیل منتقل کر دیا گیا،دوسری طرف ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی پیش کرنے پرایس ایچ او تھانہ گارڈن سمیت 3افسر وں کو معطل کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گارڈن پولیس نے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی کوبغیر ہتھکڑی کے پیش کر دیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے برآمد منشیات کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے سے زائد ہے ،برآمد شدہ مواد ابتدائی طور پر منشیات کے کاروبار میں استعمال ہونے والا سامان معلوم ہوتا ہے ، ملزمہ کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاہم عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈپر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔
دوسری طرف ملزمہ کو عدالت پیش کیا گیا تو وہاں موجود افراد کی توجہ اس بات نے حاصل کی کہ انمول عرف پنکی کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں لایا گیااور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور بعض صارفین نے بغیر ہتھکڑی پیشی پر سوالات اٹھادئیے ،جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور باضابطہ انکوائری کا حکم دے دیا۔ سندھ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ جدید اور منظم انداز میں آن لائن منشیات سپلائی نیٹ ورک چلا رہی تھی ، گرفتاری سے بچنے کیلئے خواتین رائیڈرز کو بھی نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا تھا ، مزید تفتیش جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنکی پر اربوں روپے کی کوکین پاکستان بھر میں بیچنے کا الزام ہے ۔آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی افسر اور عملہ معطل کرنے کا حکم دیدیا،صوبائی وزیرداخلہ ضیا نجار نے بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمہ کی ایسے عدالت میں پیشی افسوسناک ہے ۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق ملزمہ پنکی کو پروٹوکول دینے پر تھانہ گارڈن کے ایس ایچ او حنیف سیال، ایس آئی یو ظفر اقبال اور تفتیشی افسر سعید احمد کو معطل کر دیا گیا ہے ،انکوائری ایس ایس پی ساؤتھ کریں گے۔