ہمارے بیٹر لمبا کھیلتے تو ہم میچ ڈرا کرسکتے تھے :شان
کسی پر الزام نہیں لگاؤں گا، ذمہ داری خود لوں گا،قومی ٹیسٹ کپتان
ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلادیش سے پہلے ٹیسٹ میں شکست پر کہا ہے کہ کسی پر الزام نہیں لگاؤں گا، ذمہ داری خود لوں گا، ٹیسٹ کرکٹ میں وقفہ آنے سے چیزیں مشکل ہو جاتی ہیں۔ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ناہید رانا نے ٹیم پلاننگ اور بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا، ہار کر مایوسی ہوئی، ہمیں امید تھی کے ہمارے سیٹ بیٹرگیم کو لمبا لے کر جاتے مگر بدقسمتی سے ایسا انہیں ہوا، ہمارے سیٹ بیٹر لمبا کھیلتے تو ہم میچ ڈرا کرسکتے تھے ۔شان مسعود کا کہنا تھا کہ مثبت بات یہ ہے کہ اذان اویس اور عبداللہ فضل نے بہترین کھیل پیش کیا، مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر دونوں نوجوان بیٹر مزید میچور ہوں گے ۔ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ بطورکپتان یہ نہیں کہوں گا کہ بولر یا بیٹر نے اچھا کھیل پیش نہیں کیا، میرے خیال سے یہ بہترین ٹیسٹ پچ تھی، سپنرز نے فاسٹ بولر کو وکٹیں لینے میں مددکی، ہدف ملنے کے بعد فیصلہ کیا کہ کنڈیشن کے مطابق کھیلیں گے ، چائے کے وقفے تک میچ گرفت میں تھا، جب بھی میچ ہارتے ہیں تو جذبات کافی زیادہ ہوتے ہیں، بطور ٹیم ذمہ داری لے کر کھیلنا ہوگا۔