ڈھاکا ٹیسٹ:ناہید کے 5 شکار،پاکستان شکست سے دوچار
میزبان ٹیم نے باآسانی 104 رنز سے شکست دے دی،بنگلہ دیش نے پاکستان کو اپنی سر زمین پر پہلی بار ٹیسٹ میچ میں شکست دی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو 268 رنز کا ہدف دیا،قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 163 رنز پر ڈھیر
ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش نے پاکستان کو اپنی سر زمین پر پہلی بار ٹیسٹ ہرا کر تاریخ رقم کرنے کے ساتھ طویل فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ہے ۔ ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان بنگلادیش کیلئے تر نوالہ ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے باآسانی 104 رنز سے شکست دے دی۔میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پانچویں اور آخری روز کھانے کے وقفے سے کچھ وقت قبل اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن سپر فلاپ رہی ، پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈبییوٹنٹ عبداللہ فضل 66 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ دیگر کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔سلمان علی آغا 26، محمد رضوان، سعود شکیل اور اذان اویس 15، 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ نعمان علی 4، امام الحق اور کپتان شان مسعود 2، 2، حسن علی ایک اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے 5، تیج الاسلام اور تسکین احمد نے 2، 2 جبکہ مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی اپنی سر زمین پر پاکستان کے خلاف یہ پہلی ٹیسٹ فتح ہے ۔ بنگلہ ٹیم نے تاریخ رقم کرنے کے ساتھ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔بنگلہ دیش کی ٹیم نے 2024 میں دورہ پاکستان میں قومی ٹیم کو اسی کی سر زمین پر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست تھی۔