ہیڈ چھناواں پل سے ٹرک راجباہ میں جاگرا، 50 جانور ہلاک
عیدقربان پر فروخت کیلئے جانور حید رآ باد سے گجرات منڈی منتقل کئے جا رہے تھے 20 کی ٹانگیں ٹو ٹ گئیں ،شہریوں کا احتجاج ، خستہ حال پل کی ہنگامی مرمت کا مطالبہ
علی پورچٹھہ، جامکے چٹھہ ، وزیر آ باد (تحصیل رپورٹر، نامہ نگار ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایک صدی پرانا خستہ حال ہیڈ چھناواں کے پل سے قربانی کے جانوروں سے بھرا ٹرک راجباہ میں جا گرا، 50 جانور ہلاک، 20 زخمی، متعدد کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ علی پورچٹھہ اور گردونواح کے شہریوں کیلئے ہیڈ چھناواں پل خطرناک ثابت ہو رہا ہے ۔ گزشتہ روز حیدرآباد سے گجرات مویشی منڈی جانے والا قربانی کے جانوروں سے بھرا ٹرک خطرناک موڑ کاٹتے بے قابو ہو کر راجباہ میں جا گرا جس کے نتیجے میں تقریباً 50 چھترے اور بکرے موقع پر ہلاک جبکہ 20 کے قریب جانور وں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں ، حادثے میں ٹرک بھی تباہ ہو گیا۔
حادثے کے بعد مقامی افراد فوری موقع پر پہنچ گئے اور جانوروں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انگریز دور میں تعمیر ہونے والے ہیڈ چھناواں پل کی بنیادیں کمزور جبکہ حفاظتی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، پل کا ٹوٹا ہوا ڈھانچہ کسی بھی وقت بڑے انسانی سانحے کا سبب بن سکتا ہے ۔ شہریوں نے احتجاج کر تے ہوئے کہا کہ موسم سرما میں نہر بندی کے دوران پل کی تعمیر و مرمت کا آغاز کیا گیا تھا مگر چند دروں کی تعمیر کے بعد نامعلوم وجوہات کی بنا پر کام روک دیا گیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ، چیف سیکرٹری ، محکمہ ہائی ویز اور عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیڈ چھناواں پل کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر مکمل کی جائے۔