لکی مروت :بم دھماکا،2اہلکاروں سمیت 9افرادشہید

لکی مروت :بم دھماکا،2اہلکاروں سمیت 9افرادشہید

بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا،27زخمیوں میں بچے بھی شامل

پشاور،اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کے نتیجے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت9افراد شہیداور27 زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خوارج نے موٹر سائیکل پر بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا،دو ٹریفک اہلکار راحت اﷲ اور عادل جان سمیت 7 افراد موقع پر دم توڑ گئے ،29زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے مزید 2جاں بحق ہو گئے ، زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں ، سرائے نورنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ،ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ڈی پی او لکی مروت نذیر خان کے مطابق یہ بظاہر ایک خودکش دھماکا نظر آتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد کے شہید ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی،انہوں نے شہید افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں،دہشتگردی کے عفریت کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم یکجان ہے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سرائے نورنگ بازار پھاٹک میں دھماکے کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ ادھربنوں کے علاقے فتح خیل میں ریڑہ پل کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد سے اڑا دیا۔ آر پی او بنوں سجاد خان کے مطابق پل گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،متاثرہ پل مضافات کے علاقوں کو شہر سے ملاتا تھا،پل کا ملبہ ہٹانے کے لیے کام جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں