بالائی علاقوں میں بارش لینڈ سلائیڈنگ،متعدد سڑکیں بند

بالائی علاقوں میں بارش لینڈ سلائیڈنگ،متعدد سڑکیں بند

پشاور،مظفر آباد،اسلام آباد (آئی این پی ،اے پی پی)خیبرپختونخوا ،آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ،بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد سڑکیں بند ہو گئیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کر دی۔

ادھر گزشتہ روز مانسہرہ، سوات، مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں جبکہ آزادکشمیر میں مظفرآباد، نکیال ، وادی نیلم میں بھی ہلکی و تیز بارش ہوئی ، اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ مرناٹ کے مقام سے بند ہوگئی۔ادھر نالہ جاگراں میں طغیانی کے باعث کنڈل شاہی پاور ہاؤس بند ہوگیا جس کے سبب متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اس کے علاوہ لوئرکوہستان جیجال کے قریب بھی شاہراہ قراقرم بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے کہا ہے کہ پنجاب، سندھ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں مری،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، بہاولپور اور بہاولنگر میں کہیں کہیں آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے ۔ این ای او سی کے مطابق آج سے 16 مئی تک خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مزید پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے ۔آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی اور باغ میں اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ،عوام کمزورتنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں