بیرون ملک میڈیکل تعلیم سے قبل ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی قرار
روانگی سے قبل پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن اوربیرون ملک ادارہ منظور شدہ ہونا چاہئے ذیلی کمیٹی کا اجلاس،تعلیم کا دورانیہ 5سال، 6200 تدریسی گھنٹے ،80فیصد حاضری لازمی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں میڈیکل و ڈینٹل تعلیم کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان پاس کرنا اور روانگی سے قبل پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی۔اجلاس میں ایکریڈیٹیشن کے نظام کو شفاف، منصفانہ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے پر زور دیا گیا۔ قواعد کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اداروں کے انسپکشن معیار بہتر بنانے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ طلبہ داخلہ لینے سے قبل تصدیق کریں کہ متعلقہ غیر ملکی میڈیکل ادارہ منظور شدہ فہرست میں شامل ہو اور ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن سے تسلیم شدہ ہو۔ میڈیکل تعلیم کا دورانیہ کم از کم پانچ سال، 6200 تدریسی گھنٹے اور 80 فیصد حاضری لازمی قرار دی گئی۔ غیر انگریزی ممالک میں تعلیم سے قبل پانچ ماہ مقامی زبان سیکھنا بھی ضروری ہوگا۔پاکستان واپسی پر نیشنل رجسٹریشن امتحان پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا جبکہ طلبہ کو مکمل سفری اور تعلیمی دستاویزات درست رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی۔