پاکستان آبنائے ہرمز کھلوائے، ثالثی کی کوششیں تیز کرے : چین

پاکستان آبنائے ہرمز کھلوائے، ثالثی کی کوششیں تیز کرے : چین

چینی وزیر خارجہ وانگ یی کانائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ ،امریکا ایران مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور عارضی جنگ بندی میں توسیع کیلئے مدد کرنے پر پاکستان کو سراہا چین پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اس مقصد کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا:وانگ یی ،امن کیلئے مکالمے کے فروغ میں پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ :اسحاق ڈار

 بیجنگ(اے ایف پی)چین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں مزید تیز کرے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے میں کردار ادا کرے ۔ چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق وزیر خارجہ وانگ یی نے ایک روز قبل اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔وانگ یی نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ثالثی کی کوششیں تیز کرے اور آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق امور کو مناسب طریقے سے حل کرنے میں کردار ادا کرے ، چین پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اس مقصد کیلئے اپنا کردار بھی ادا کرے گا۔

اسحاق ڈار نے وانگ یی کو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کیلئے پاکستان کی حالیہ کوششوں سے آگاہ کیا اورامن کیلئے مکالمے کے فروغ میں پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ وانگ یی نے امریکا ایران مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور عارضی جنگ بندی میں توسیع کیلئے مدد کرنے پر پاکستان کو سراہا۔ وانگ یی سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر گفتگو کی تفصیل جاری کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی صورتحال اور ایران ا مریکا روابط کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار کی تعریف کی اور حمایت کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے کہاکہ گفتگو میں جنگ بندی کو جاری رکھنے اور آبنائے ہرمز سے معمول کی نقل و حمل یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں