آئی ایم ایف سے 1.3ارب ڈالر موصول، پاکستان کل پانڈا بانڈز جاری کریگا
25کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز اجرا کیلئے بک بلڈنگ آج مکمل ، اے ڈی بی پچانوے فیصد گارنٹی فراہم کرے گا وزیر خزانہ پانڈا بانڈز اجرا تقریب میں شرکت کیلئے چین روانہ ، آئی ایم ایف قسط سے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئیگی
اسلام آباد(مدثر علی رانا)حکومت پہلی مرتبہ چینی مارکیٹ میں پچیس کروڑ ڈالر مالیت کے مساوی پانڈا بانڈز جاری کرے گی جبکہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)سے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر موصول ہو گئے ۔ پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے آج بک بلڈنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب چین روانہ ہو گئے اور کل پانڈا بانڈز کے اجرا کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے وزارت خزانہ کی تیاری مکمل ہو چکی ہے ، اگرچہ اس منصوبے میں پانچ مرتبہ تبدیلی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پانڈا بانڈز کی مدت تین سال ہوگی جبکہ شرح منافع سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی توقع ہے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پانڈا بانڈز پر پچانوے فیصد تک ضمانت فراہم کریں گے۔
ابتدائی طور پر پچیس کروڑ ڈالر کے مساوی یوآن اکٹھے کیے جائیں گے جبکہ حکومت مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بک بلڈنگ کے عمل کے ذریعے نئے بانڈز کی قیمت اور مارکیٹ میں طلب کا تعین کیا جائے گا۔ اس عمل میں سرمایہ کار بانڈز خریدنے کیلئے بولیاں دیں گے اور اپنی مطلوبہ شرح منافع ظاہر کریں گے ۔ تمام بولیاں جمع ہونے کے بعد مارکیٹ میں طلب اور سرمایہ کاری کی شرح کا اندازہ لگایا جائے گا۔حکومت نے گزشتہ ماہ تین سالہ مدت کیلئے پچھتر کروڑ ڈالر مالیت کا یورو بانڈ چھ اعشاریہ نو فیصد شرح منافع پر جاری کیا تھا اور توقع کی جا رہی ہے کہ چینی مارکیٹ میں بھی مناسب ردعمل ملے گا۔ پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے نومبر دو ہزار پچیس سے مارچ دو ہزار چھبیس تک تقریباً پانچ مرتبہ منصوبہ تبدیل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پانڈا بانڈز کیلئے زیادہ سے زیادہ اٹھائیس اعشاریہ پانچ کروڑ ڈالر کی ضمانت مقرر کی گئی ہے ، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک سولہ کروڑ ڈالر جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک بارہ اعشاریہ پانچ کروڑ ڈالر کی ضمانت فراہم کرے گا۔ پاکستان اور چین میں متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں کے بعد بانڈز اجرا کا منصوبہ مکمل کیا گیا۔ ترجمان وزارت خزانہ سے مؤقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تاہم خبر فائل ہونے تک رابطہ نہ ہو سکا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ سے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ ایگزیکٹو بورڈ نے آٹھ مئی کو قرض پروگرام کی منظوری دی تھی جبکہ موصول رقم پندرہ مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔ اس فنڈنگ سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔