لاہورمیں تیز بارش ، ژالہ باری، نشیبی علاقے ڈوب گئے

لاہورمیں تیز بارش ، ژالہ باری، نشیبی علاقے ڈوب گئے

110 فیڈرز ٹرپ،گھنٹوں بجلی بند ،سڑکوں پر ٹریفک متاثر ،شہریوں کومشکلات جیکب آبادمیں آندھی کیساتھ بارش،متعدد افراد زخمی،سگنلز گرنے پرٹرینیں معطل

لاہور،جیکب آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے ،نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) لاہور میں اچانک کالے بادلوں سے گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔مال روڈ، کینال روڈ ،جیل روڈ، گلبرگ ، اچھرہ ، شاہ جمال ، فاضلیہ کالونی ودیگر علاقوں میں تیز ہوائوں کیساتھ بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ وحدت روڈ، اقبال ٹاؤن، مسلم ٹاؤن،گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی ، باغبانپورہ ،استنبول چوک، لوئر مال اور جی پی او کے گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔واسا کے مطابق سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 95 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اندرون شہرپانی والا تالاب میں 79، سگیاں 53، گلشن راوی 45اعشاریہ 8 ، جیل روڈ پر 44 ، گلبرگ 9، چوک ناخداتاجپورہ 11اعشاریہ 2، فرخ آباد شاہدرہ 6اعشاریہ 8 ، اقبال ٹاؤن 14اور سمن آبادمیں 20 ملی میٹر بارش ہوئی۔

تیز بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے ، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی رہی،شہری پریشان ہوتے رہے ۔طوفانی بارش سے شہرمیں بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ، لیسکو کے 110 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر خرابیوں پر متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی،ٹرانسفارمر خراب ہونے و دیگر انفرادی شکایات پرشہری رات بھر لیسکو دفاتر کے چکر لگاتے رہے ۔لیسکو حکام کا کہنا تھاکہ بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کردیا گیا۔ ادھرسندھ کے شہر جیکب آباد میں شدید آندھی ، طوفان اور بارش نے نظام درہم برہم کردیا۔تیز ہواؤں سے پیچوہا پھاٹک پر ریلوے کے ہوم سگنل سمیت 3سگنلز گرگئے ، جس سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی ،بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔

ریلوے انتظامیہ کاکہناہے کہ ایک سگنل کو بحال کردیا ،باقی دو کی مرمت کا کام جاری ہے ، ریلوے ٹریک کو جلد کلیئر کردیا جائیگا تاکہ ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوسکے ۔ صورتحال پرجعفر ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس کو جیکب آباد سٹیشن پر روک لیا گیا۔شہر میں تیز طوفانی ہواؤں سے متعدد مقامات پر سولر پلیٹیں گرگئیں،دکانوں کے چھپر اڑ کر دور جا گرے ۔نواحی گاؤں قلاتی خان بروہی میں گھر کی دیوار گرنے سے خاتون سمیت مختلف مقامات پر متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم و خشک ، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے ،جبکہ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، با لائی پختونخوا ،گلگت بلتستان اور گڑھی دوپٹہ میں چند مقامات پر بارش ہو ئی۔ دیگرعلاقوں میں موسم شدیدگرم رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں