پنکی لاہورمنشیات کیس میں نامزد، چالان میں نام غائب
لاہور (کرائم رپورٹر )گرفتار منشیات فروش انمول عرف پنکی بارے سنسنی خیز انکشافات ،پنکی لاہور میں منشیات فروشی کے کیس میں نامزد لیکن چالان میں اسکا نام غائب کر دیا گیا۔
منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ۔ذرائع کے مطابق پنکی لاہور بیٹھ کر کراچی سمیت پورے ملک میں نیٹ ورک چلاتی تھی ۔لاہور پولیس کو کانوں کان خبر نہ ہوئی لیکن منشیات پر کام کرنے والا حساس ادارہ اس تک پہنچ گیا جس نے پنکی کو دس روز قبل لاہور سے ہی گرفتار کیا تھا۔ پنکی کو واٹس ایپ آن ہونے پر لاہور سے ٹریس کیا گیا ۔کراچی کے منشیات مقدمات میں اشتہاری ملزمہ ہونے پرکراچی پولیس کے حوالے کی گئی ۔پنکی پر کوٹ لکھپت کے علاقے میں 2022 میں منشیات کا مقدمہ درج ہو ا۔اسکا بھائی بھی مقدمہ میں نامزد تھا جسے پکڑکر چالان بھی کیا گیالیکن پنکی کا نام نکال دیا گیا۔ پنکی کی سی آر او ریکارڈ میں بھی انٹری نہیں کی گئی ۔ تفتیشی افسر نے پنکی کوچالان میں نامزد نہ کیا ،جب پنکی کے بھائی کو پکڑا گیا تو وہ گاڑی ڈرائیو کر رہی تھی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت کے مقدمہ کی انکوائری کروا رہے ہیں، تفتیشی افسر کی غفلت سامنے آئی تو کارروائی کی جائیگی۔