مہنگائی:کسان اتحاد کا10 جون کوپنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان
مرکزی صدرعمیر مسعود کی زیر صدارت اجلاس، ملک بھرمیں احتجاج کیلئے کال دیدی گئی 10 جون کو احتجاجی قافلے لاہور پہنچیں گے ،مطالبات منظور نہ ہونے پر اسمبلی کا گھیراؤ :اعلامیہ
شیر گڑھ (نامہ نگار)کسان اتحاد مہنگائی کیخلاف میدان میں اتر آیا، 10 جون کوپنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔ پاکستان کسان اتحاد رجسٹرڈ کا کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر میاں عمیر مسعود کی زیر صدارت ہوا۔صوبائی صدر کیپٹن(ر )حسین ،صوبائی نائب صدر یحییٰ کنول ، صوبائی جنرل سیکرٹری ملک یاسین جھجھ ،صدر لاہور حاجی زمان ، صدر قصور شہادت بھٹی،صدر اوکاڑہ مہر جہانگیر فیض ، مرکزی ترجمان میاں عمران جھجھ، سٹی صدر حجرہ شاہ مقیم عامر خان جندران، تحصیل صدر چونیاں مشتاق ڈھکوسمیت کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ میزبان ملک یاسین نے ملک میں ڈیزل ،پٹرول ،یوریا اورکھادوں کے ریٹ کئی گنا بڑھنے اور اخراجات کی مناسبت سے فصلوں کے ریٹ انتہائی کم ملنے پر قرارداد مذمت پیش کی جسے بھار ی اکثریت سے پاس کرتے ہوئے حکومت کیخلاف ملک بھرمیں احتجاج کیلئے کال دیدی گئی،اعلامیہ کے مطابق 22 مئی کو لاہور پریس کلب کے سامنے پریس کانفرنس کرکے احتجاج کا لائحہ عمل دیاجائیگا جبکہ 10 جون کو ملک بھر سے ہزاروں کسانوں کے احتجاجی قافلے پنجاب اسمبلی پہنچیں گے اور بھرپوراحتجاج کرینگے ۔مطالبات منظور نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائیگا۔