پارلیمانی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی ضرورت

پارلیمانی  ڈیجیٹلائزیشن وقت کی ضرورت

اسلام آباد(نامہ نگار ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی امور کی ڈیجیٹلائزیشن اور پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت سے مربوط جدید ورکنگ ماحول کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔۔۔

 جس میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پارلیمانی امور کو جدید، مؤثر اور پیپر لیس نظام میں تبدیل کرنے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی امور کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے ، پیپر لیس پارلیمنٹ کی جانب منتقلی نہ صرف پارلیمانی امور کی انجام دہی کو مزید مؤثر بنائے گی بلکہ کاغذ کے استعمال اور انتظامی اخراجات میں کمی سے مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں ایوان کا تمام بزنس ڈیجیٹل ڈیوائسز کے ذریعے انجام دیا جائے گا، جس سے اراکین تمام پارلیمانی کارروائی اور دستاویزات تک الیکٹرانک رسائی حاصل کر سکیں گے ۔ سپیکر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ا س حوالہ سے کام تیز کیا جا ئے ۔ دریں اثنا سردار ایاز صادق سے سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی صورتحال، بین الصوبائی پارلیمانی رابطوں کے فروغ اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں