پاکستان میں 15مئی کو ہونیوالا اے لیول ریاضی کا پرچہ ملتوی

 پاکستان میں 15مئی کو ہونیوالا اے لیول ریاضی کا پرچہ ملتوی

کیمبرج کی پیپر لیک ہونیکی تصدیق ،22مئی تک نئے پرچے کی تاریخ کا اعلان ہوگا اے ایس،اے لیول نتائج کا اعلان 11 اگست کو کیا جائیگا، کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن

اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے لیول ریاضی کے پرچے کے لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان میں 15مئی کو ہونے والاامتحان ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے ،کیمبرج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 مئی کو اے لیول ریاضی پیپر 52 (9709) کو انتظامی زون 3 اور 4 میں مقررہ وقت سے قبل شیئر کیا گیا، بیان میں کہا گیا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں ، ادارے کے مطابق نئے پرچے کیلئے تاریخ کا اعلان 22 مئی تک کردیا جائے گا،بیان میں واضح کیا گیا کہ اے ایس اور اے لیول کے نتائج کے اجرا کی تاریخ 11 اگست برقرار رہے گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

کیمبرج انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اور اضافی سکیورٹی اقدامات کے طور پر کیا، سکولوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق تفصیلی معلومات22 مئی تک فراہم کریں گے ،کیمبرج پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ اس واقعے سے طلبہ متاثر نہ ہوں،انہوں نے کہا کہ امتحانات کی شفافیت اور گریڈز کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جامعات اور دیگر ادارے ان نتائج پر اعتماد برقرار رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ امتحانی سیزن میں پیپر چوری اور لیک ہونے کے واقعات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور ادارے کا خیال ہے کہ اس کے پیچھے ایسے عناصر کار فرما ہیں جو امتحانی نظام اور طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں