جدید ٹیکنالوجی سے آدھی فیلڈ میں تیل و گیس پیداوار بحال
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے سٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں انکشاف کیا ہے کہ ملکی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔۔۔
جس کے تحت پوٹھوہار ریجن میں واقع آدھی ساؤتھ-ٹو فیلڈ میں نہ صرف پانی کے بڑھتے ہوئے اخراج پر قابو پا لیا گیا بلکہ تیل و گیس کی پیداوار بھی بحال اور نمایاں طور پر بڑھا دی گئی ہے ۔ کمپنی کے مطابق آدھی ساؤتھ ٹو کنواں، جسے 2020 میں کھودا گیا تھا، ابتدائی طور پر یومیہ تقریباً 800 بیرل خام تیل پیدا کر رہا تھا، تاہم وقت کے ساتھ کنوئیں میں پانی کی مقدار بڑھنے کے باعث پیداوار مکمل طور پر بند ہو گئی تھی اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے فیلڈ میں موجود کمپنیوں کے ماہرین نے جدید سائیڈ ٹریکنگ اور ہائیڈرولک فریکچرنگ جیسی پیچیدہ تکنیکوں کا استعمال کیا، جس کے بعد کنوئیں سے دوبارہ کامیاب پیداوار کا آغاز ممکن ہو سکا۔ارسال کردہ خط کے مطابق اس جدید آپریشن کے نتیجے میں خام تیل کی پیداوار یومیہ 200 بیرل سے بڑھ کر دوبارہ 800 بیرل کی سطح تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ گیس کے نئے ذخائر بھی دریافت ہوئے ہیں جن سے یومیہ تقریباً ایک ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل کی جا رہی ہے۔