اسلام آباد ٹاؤن کارپوریشنز، یو سیز نوٹیفکیشن فوری جاری کرنیکا حکم

اسلام آباد ٹاؤن کارپوریشنز، یو سیز نوٹیفکیشن فوری جاری کرنیکا حکم

حلقہ بندی شیڈول کیلئے ڈیٹا ، نقشے ، قانون و رولز میں ترامیم مہیا کی جائیں:الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضا ہے ، وفاقی حکومت رکاوٹیں دور کرے :چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (اے پی پی)الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلا م آباد کو ہدایت کی ہے کہ ٹاؤن کارپوریشن کی حدود اور اس میں یونین کونسلز کی تعداد کے حوالے سے نوٹیفکیشن متعلقہ اداروں سے منظوری لے کر فوری جاری کیا جائے ۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا خیبر پختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں مقامی حکومتیں موجود ہیں، پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا، آئین کے آرٹیکل 140(A) کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے ۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے 10 جنوری 2026 کوآرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترامیم کیں، الیکشن کمیشن کو ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود اور ان میں یونین کونسلوں کی تعداد کے نوٹیفکیشنز، ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود کے مطابق نقشہ جات ، آرڈیننس کے مطابق رولز اورالیکشن کمیشن کی طرف سے آرڈیننس میں تجویزکردہ ترامیم درکار ہیں۔ متعدد بار یقین دہانی کے باوجود الیکشن کمیشن کو درکارنوٹیفکیشنز اور نقشے و دیگر ڈیٹا مہیا نہیں کیا گیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود اور یونین کونسلوں کی تعداد کا مجوزہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا کیس وزارت داخلہ کو بھجوا دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آبادکو ہدایت کی کہ متعلقہ قائمہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے فوری رجوع کرکے نوٹیفکیشنز کا اجرا یقینی بنایا جائے ۔ درکار ڈیٹا ، نوٹیفکیشن ، نقشے ، قانون و رولز میں ترامیم مہیا کی جائیں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا شیڈول جاری کر سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں