امریکا نے ہزاروں سال پرانے 450 سے زائد نوادرات پاکستان کے حوالے کردیئے

امریکا نے ہزاروں سال پرانے 450 سے زائد نوادرات پاکستان کے حوالے کردیئے

نوادرات اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں حوالے کیے، ہر چیز کا تعلق پاکستانی عوام سے ہے ، معاون امریکی وزیر خارجہ غیرقانونی طور پر پاکستان سے باہر جانیوالی نادر اشیا امریکا نے سمگلنگ نیٹ ورکس کیخلاف تحقیقات کے بعد ضبط کی تھیں

اسلام آباد (وقائع نگار،خصوصی رپورٹر )امریکا نے اسلام آباد میوزیم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران 450سے زائد نوادرات باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کر دئیے ۔واپس بھیجے گئے نوادرات کے مجموعے میں اہم تاریخی اشیا شامل ہیں جنہیں غیر قانونی طور  پر پاکستان سے باہر لے جایا گیا اور بعد میں امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی حکام کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے شناخت کرکے برآمد کیا گیا تھا۔ اب یہ نمونے اسلام آباد میوزیم کی زینت بنیں گے اور نمائش کے لئے رکھے جائیں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون امریکی وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ایس پال کپور نے کہا کہ یہ نمونے پاکستان کی تاریخ کے اُن ابواب کی نمائندگی کرتے ہیں جو نسلوں کو اُن کے ورثے سے جوڑتے ہیں۔ ان نمونوں میں ٹیراکوٹا کے مجسمے بھی شامل ہیں جو چار ہزار سال سے زیادہ پرانے ہیں۔ ان میں سے ہر چیز کا تعلق پاکستانی عوام سے ہے اور اب وہ اپنے گھر میں ہیں۔ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کے نوادرات کے انسداد سمگلنگ یونٹ (اے ٹی یو)نے یہ تمام اشیا برآمد کیں ۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ نے اے ٹی یو کی جانب سے سمگلنگ نیٹ ورکس ،جن میں غیر ملکی جرائم پیشہ تنظیمیں بھی شامل ہیں کے خلاف تحقیقات کے بعد ان اشیا کی پاکستان واپسی کا اعلان کیاتھا ۔ پچھلے دس سالوں میں اے ٹی یو نے تقریباً 23 ملین ڈالر مالیت کے 514 نوادرات برآمد کرکے پاکستان کو واپس بھجوائے ہیں۔ یہ اشیا بین الاقوامی سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف فوجداری تحقیقات کے بعد ضبط کی گئیں۔

ان میں دوسری صدی عیسوی کا بدھا پاڈا کا ایک نایاب مجسمہ بھی شامل ہے جس کی مالیت گیارہ لاکھ ڈالر تھی اور اسے 1980 کی دہائی میں پاکستان سے چُرا کر نیویارک لے جایا گیا تھا، دیگر اہم برآمد شدہ اشیا میں گندھارن کا ایک فرائز جس میں بدھ مت کے مجسموں کو دکھایا گیا ہے ، ان میں قدیم مہرگڑھ ٹیراکوٹا کے 3500تا 2600 قبل مسیح کے مجسمے اور بودھی ستوا میتریہ کا مجسمہ شامل بھی ہے ۔ نوادرات میں105قبل مسیح کا ایک گولڈ اسٹراٹو کا سکہ بھی شامل ہے جو 2023 میں برآمد ہوا۔ ان کوششوں کے نتیجے میں متعدد افراد کو سزائیں بھی ملیں ۔پاکستانی حکام نے نوادرات کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک کی بھرپور اور متنوع تاریخ کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان اشیا کی وطن واپسی قانون کے نفاذ، ثقافتی تحفظ اور ورثے کی حفاظت کیلئے امر یکا اور پاکستان کے درمیان وسیع تر تعاون کی نشاندہی کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں