توانائی شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ، فیصل کنڈی
اسلام آباد (اے پی پی) کورین ساؤتھ ایسٹ پاور کمپنی لمیٹڈ کے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں جاری اور مجوزہ پن بجلی منصوبوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفد نے بعض مسائل بھی اجاگر کیے جن میں سب سے بڑا مسئلہ ٹیرف کی منظوری میں غیر معمولی تاخیر ہے ۔ وفد کے مطابق نیپرا کے قواعد کے مطابق ٹیرف کا فیصلہ 4 سے 6 ماہ میں ہونا چاہیے ، تاہم تین سال گزرنے کے باوجود حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔ گورنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ وفاقی اداروں کے ساتھ اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے اور ایسے منصوبے ملک کی معیشت کیلئے نہایت اہم ہیں۔