اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی اجلاس ، ٹیکس تجاویز کا جائزہ

اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی اجلاس ، ٹیکس تجاویز کا جائزہ

ایسے اقدامات کریں کہ پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر بوجھ نہ پڑے ، کمیٹی کو سفارش کویتی ہم منصب سے رابطہ ،ایران ،امریکا کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گفتگو

 اسلام آباد (اے پی پی،وقائع نگار )وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ایسے اقدامات پر توجہ دینے کی سفارش کی ہے جن سے نہ صرف محصولات میں اضافہ ہو بلکہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے اور پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں پر اضافی بوجھ نہ پڑے ، نائب وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ بجٹ کے لیے ٹیکس پالیسی آفس کی تیار کردہ ٹیکس تجاویز کا جائزہ لیاگیا اور سفارشات مرتب کی گئیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال، احد چیمہ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے ، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،کمیٹی نے محصولات میں اضافے ، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری پر ان تجاویز کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیکس پالیسی آفس کو رہنمائی فراہم کی،کمیٹی نے ٹیکس پالیسی آفس کو ہدایت کی کہ ایسے اقدامات پر توجہ دی جائے جو نہ صرف محصولات میں اضافہ کریں بلکہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیں ، دریں اثنانائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران امریکا کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے عالمی معیشت پر اثرات پر بھی گفتگو کی اور موجودہ کشیدہ صورتحال کے پرامن اور دیرپا حل کیلئے امید کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں