پنکی کی نشاندہی پر کراچی سے 45 لاکھ روپے مالیت کی کوکین برآمد
کراچی (سٹاف رپورٹر)کوکین کوئن انمول پنکی کی نشاندہی پر پولیس نےابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں کوکین برآمد کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ برآمد شدہ منشیات 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ہے ۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف سچل تھانے میں نیا مقدمہ نمبر783/26 اسٹیشن انویسٹی گیشن افسر بغدادی مثل خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ، جس میں ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق دوران تفتیش ملزمہ نے کوکین کی موجودگی کا انکشاف کیا، جس پر خواتین اہلکاروں کے ہمراہ پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس پر چھاپہ مارا، جہاں ملزمہ نے خود پولیس کو فلیٹ کی نشاندہی کی، جس پر تالا لگا ہوا تھا۔پولیس نے تالا توڑ کر فلیٹ میں داخل ہو کر تلاشی لی اور باتھ روم میں تھیلیوں میں پیک کوکین ملی، جس کا وزن 228 گرام تھا، موقع سے 7 خالی ڈبیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمہ نے تفتیش کے دوران منشیات کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا۔