مریم نواز کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات ،بانی حیدر علییوف کے مزار پر حاضری

مریم  نواز  کی  آذربائیجان  کے  صدر سے ملاقات ،بانی  حیدر  علییوف  کے  مزار  پر  حاضری

باکو ثقافت اور جدید اربن پلاننگ کا حسین امتزاج ،نواز شریف کی محنت پاکستان کی ترقی و استحکام کی بنیاد :وزیراعلیٰ آذربائیجان اور پاکستان کے تعلقات سہ فریقی فریم ورک کے تحت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں:صدر الہام علییوف

لاہور(نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باکو میں مصروفیات کا آغاز کرتے ہوئے جدید آذربائیجان  کے بانی اور بابائے قوم حیدر علییوف کے مقبرے پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی،وزیراعلیٰ نے باکو میں یاد گار کوچہ شہداء کابھی دورہ کیا اوریاد گار شہدا پر پھول رکھے اور آذربائیجانی شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں وفد نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے اہم ملاقات کی ، ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے آذربائیجان اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کی ترقی کو سراہا،سیاسی، اقتصادی، سفارتی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں باہمی تعاون کی اہمیت اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مضبوط امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سربراہِ مملکت آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کو محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا سلام پہنچایا،آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے سلام کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ ان کا سلام بھی وزیر اعظم پاکستان اور محمد نواز شریف تک پہنچا دیا جائے ، سربراہِ مملکت صدر الہام علییوف نے قومی رہنما حیدر علییوف اور محمد نواز شریف کے مابین دوستانہ تعلقات کو یاد کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم کے 13ویں اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت پر صدر الہام علییوف کا شکریہ اد ا کیا اور اجلاس کے شاندار انتظامات کو سراہا،حالیہ ایران امریکا کشیدگی کے بعد بحالی امن کے لیے پاکستان کے ذمہ دارانہ اور ثالثی کردار کی تعریف کی،ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم کی مسلسل سفارتی کوششوں اور علاقائی استحکام کے لیے اقدامات کو بھی سراہا گیا اور آذربائیجان کے \'\'آسان خدمت\'\'(ASAN Khidmet) ماڈل کی طرز پر پاکستان میں قائم مراکز کے امور پر بھی گفتگو کی گئی، مریم نواز نے بتایاکہ باکو میں شہری منصوبہ بندی سے متعلق اہم عالمی امور پر بحث کی جائے گی، وزیراعلی ٰ نے کہاکہ آذربائیجان کا دارالحکومت باکو ثقافت اور جدید اربن پلاننگ کا حسین امتزاج ہے ، خوبصورتی نے گہرا اثر چھوڑا۔ وفد کے ہمراہ جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علییوف کے مزار پر حاضری دی، خراجِ عقیدت پیش کیا، محمد نواز شریف کی انتھک محنت ہی پاکستان کی ترقی،امن اور استحکام کی بنیاد ہے ۔ پاکستان کی سٹریٹجک پوزیشن خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے ۔پاکستان مسلم امہ کی واحد مسلم ایٹمی قوت ہونے کے ناطے عالمی نقشے پر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ایران امریکا جنگ میں پاکستان امن، تدبر اور مذاکرات کی طاقت کے ساتھ ایک ناگزیر ثالث کے طور پر ابھرا ہے ۔ پاکستان کی ایٹمی قوت نے خطے میں توازن،خودمختاری اور قومی وقار کو مضبوط بنایا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور معاشی خوشحالی کے لیے دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں -جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے کہاکہ آذربائیجان اور پاکستان کے تعلقات اس وقت آذربائیجان، ترکیہ اور پاکستان کے سہ فریقی فریم ورک کے تحت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈے پراپنے پیغام میں کہا کہ ٹیلی کمیو نیکیشن اور ٹیکنالوجی دور جدید کا موثر اور کارگر ہتھیار ہے ۔ ٹیلی کمیونیکیشن دور جدید میں محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ نئی بلندیوں پر جانے کا راستہ بن چکی ہے ،ہمارا عزم ڈیجیٹل پنجاب ہے ، علمی انقلاب کی راہیں کھل رہی ہیں،اے آئی سے مستفید ہونے کے لئے ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے -پنجاب میں ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعے ای گورننس اور ای بزنس کا کا میاب اجرا کیاگیاہے - ہر طالب علم کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہے ،ٹیلی کمیونیکیشن میں جدت کے ذریعے دنیا سے جوڑ رہے ہیں ،نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام سے ہمارے کمیونیکیشن سسٹم میں انقلابی بہتری آئے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں