مارگلہ پہاڑیوں میں دوجگہ آگ بھڑک اٹھی،شدت میں اضافہ
منگھیال کے علاقے میں سیاہ دھواں دور سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے فائر فائٹرز متاثرہ مقام پر پہنچ گئے ، جلد ہی آگ پر قابو پا لیا جائیگا:انتظامیہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ کی پہاڑیوں کے دو مختلف مقامات پر اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آگ مارگلہ کی پہاڑی منگھیال کے علاقے میں لگی ہوئی ہے اور پہاڑیوں سے اٹھتا ہوا سیاہ دھواں دور دور سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ، شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے ۔ ادھر اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی شروع کر دی،فائر فائٹرز متاثرہ مقام پر پہنچ گئے ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ٹیمیں مسلسل آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے کام کر رہی ہیں،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اورتوقع ہے کہ جلد ہی آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔