سندھ کو3.71ارب ڈالر غیر ملکی فنڈز ملے ، 1.18ارب ڈالر استعمال
فنڈز شہری ترقی،تعلیم، ٹرانسپورٹ،ٹرانسمیشن لائنز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی پرخرچ ہوئے
اسلام آباد(سہیل خان) عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے سندھ حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں 1 ارب 18 کروڑ 15 لاکھ ڈالر سے زائد کے غیر ملکی فنڈز 21 مختلف منصوبوں پر استعمال کیے ہیں۔ مجموعی طور پر سندھ کے لیے 3 ارب 71 کروڑ ڈالر سے زائد کے فنڈز فراہم کیے گئے ۔قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق یہ فنڈز تعلیمی، شہری ترقی، نکاسی آب، آبپاشی، کچرا ٹھکانے لگانے ، ٹرانسمیشن لائنز، ٹرانسپورٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی منصوبوں پر خرچ کیے گئے ۔فنڈز مختلف عالمی اداروں بشمول فرانسیسی اداروں، کوریا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے فراہم کیے گئے ۔دستاویزات میں یہ وضاحت موجود نہیں کہ فنڈز کی تقسیم کا مکمل طریقہ کار کیا تھا اور باقی رقوم کہاں خرچ ہوئیں۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ مذکورہ منصوبے مکمل ہوئے یا نہیں۔