اینٹی بائیوٹک انجکشن G-Tax 250mgکا مخصوص بیچ 25C025 جعلی قرار
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب بھر میں جعلی اینٹی بائیوٹک انجکشن G-Tax 250mg کے ایک مخصوص بیچ سے متعلق کلاس ون ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی رپورٹ کی بنیاد پر انجکشن کو جعلی (Spurious)قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی اورصوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی منظوری سے باقاعدہ نوٹس جاری کردیاگیاہے ،جس کے مطابق G-Tax 250mg کے مخصوص بیچ نمبر 25C025 کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ انجکشن ضلع جہلم کے علاقے پنن وال میں واقع اسلم میڈیکل سٹور سے برآمد ہوا۔ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت اس پروڈکٹ کو غیر معیاری اور جعلی قرار دیتے ہوئے مارکیٹ آتھرائزیشن ہولڈرز، ڈسٹری بیوٹرز اور متعلقہ کمپنیوں کو فوری طور پر متاثرہ سٹاک مارکیٹ سے واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ صحت نے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں، فارمیسیوں، میڈیکل سٹورز اور ہول سیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیچ نمبر 25C025 والے انجکشن کی فروخت اور استعمال فوری طور پر روک دیں اور دستیاب سٹاک کی تفصیلات متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کریں۔محکمہ صحت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ مذکورہ بیچ نمبر والا انجکشن ہرگز استعمال نہ کیا جائے کیونکہ جعلی دوا صحت کیلئے شدید خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔